ریلوے اور بس میں رعایت دینے کا مطالبہ، پداپلی میں سینئر سٹیزنس ڈے پروگرام
پداپلی۔3اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پداپلی میں کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں انٹرنیشنل سینئر سٹیزنس ڈے کا انعقاد کیا گیا۔اس میٹنگ کی صدارت ضلع ویلفیئر آفیسر جناب رؤف خان نے کی۔ مہمان خصوصی کویا سری ہرشا ضلع کلکٹر تھے اور ساتھ میں محترمہ ارونا شری ایڈیشنل کلکٹر بھی شریک تھیں۔ضلع سینئر سٹیزنز کمیٹی ممبر جناب سی وی جیون راجو، ضلع بزرگ کمیٹی کے رکن پی۔ٹی۔ سوامی شریک تھے اور تقریباً 150بزرگ شہریوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینئر سٹیزنز کمیٹی کے ممبر اور پنشنرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر سی۔ وی۔ جیون راجو نے مندرجہ ذیل بزرگوں کے مسائل کو کلکٹر کے نوٹس میں لایا اور کہاکہ ضلع کے تمام بزرگوں کو شناختی کارڈ جاری کیا جانا چاہیئے۔ بزرگوں کے لیے ایک ڈے کیئر سنٹر پداپلی ضلع مرکز میں قائم کیا جانا چاہیے۔ ریلوے ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سابقہ دی گئی سفری رعایت کو دوبارہ جاری کیا جانا چاہیے جو کووڈ کے دوران معطل کیا گیا تھا،تلنگانہ RTC بسوں میں بزرگ شہریوں کو 50% رعایت دینا چاہیے۔ بزرگوں کیلئے ریاستی سطح پر خصوصی سیاحت قائم کی جائے۔حال ہی میں مرکزی حکومت کے ذریعہ اعلان شدہ 70 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں کے لئے صحت کے تحفظ کی اسکیم کو 60 سال کی عمر کو مکمل کرنے والوں تک بھی بڑھایا جانا چاہئے۔ ضلع کلکٹر نے ان تمام مطالبات کا مثبت انداز میں جواب دیا۔ اور اس موقع پر سماجی خدمات انجام دینے والے درج ذیل بزرگ شہریوں کو ضلع کلکٹر نے شالپوشی و مومنٹو کے ساتھ مبارکباد پیش کی۔پی۔ ٹی۔ سوامی، جناب سی۔ وی۔ جیون راجو، کاچے کملما، ڈاکٹر نگوری منندر، ایلنکی رامنا، اودھانی وسنتھا شرما، جناب لوکا لنگاریڈی،پی۔ پوچاملو۔ اور دیگر۔ اس پروگرام میں ضلع ویلفیئر آفیسر، آفس سپرنٹنڈنٹ سری کوٹے راجیا، فیلڈ رسپانس آفیسر، جناب انیل اور دفتری عملہ نے شرکت کی۔