معیشت کو مستحکم کرنے عوامی دولت پر حکومت کی نظر

   

پنشن فنڈس اور انشورنس فنڈس کی اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ترغیب
حیدرآباد۔10ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک کی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے کئی ایک اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات کے دوران حکومت کی جانب سے عوامی دولت پر بھی نگاہیں مرکوز کی جانے لگی ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے اب اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ پنشن فنڈس اور انشورنس فنڈس کی اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں متعلقہ وزارتوں سے مشاورت کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد اس مسئلہ پر حکومت کی جانب سے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پنشن فنڈس اورانشورنس فنڈس کا ایک حصہ نئی شروع کی جانے والی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں استعمال کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔چند یوم قبل حکومت کی جانب سے پراویڈنٹ فنڈ کی رقومات کو منجمد کرتے ہوئے کرنسی ذخائر میں اضافہ کرنے کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے سلسلہ میں اطلاعات منظر عام پر آئی تھی اور اس میں بڑی حد تک صداقت بھی ہے کیونکہ حکومت نے ریزرو بینک آف انڈیامیں جمع شدہ رقومات کے استعمال کے ذریعہ یہ راہ ہموار کی ہے اور ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیںلیکن اس کے باوجود کوئی کامیابی حاصل نہ ہونے کے سبب ان امور پر غور کیا جانے لگا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پنشن فنڈس اور انشورنس فنڈس کے سرمایہ کاری کیلئے استعمال کا فیصلہ انتہائی حساس ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے اس پر کافی غور و خوص کیا جا رہا ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے پنشن فنڈس کے عوض سرکاری بانڈس کی فراہمی کی صورت میں ملازمین خاموش رہتے ہیں کیونکہ بانڈس کا حصول اس بات کی ضمانت ہوتی ہے کہ ان کی رقومات حاصل ہونے والی ہیں لیکن اب جو منصوبہ تیار کیا جا رہاہے اس کے مطابق پنشن فنڈس کی سرمایہ کاری کس حد تک محفوظ ہوگی کوئی نہیں کہہ سکتا۔ مرکزی وزارت فینانس کے عہدیداروں کا کہناہے کہ جب ملک میں بیرون ملک ملازمین کے پنشن فنڈس کی سرمایہ کاری ممکن ہے تو ہندستانی سرکاری ملازمین کے پنشن فنڈس کی سرمایہ کاری کیوں نہیں کی جاسکتی ۔عہدیداروں نے بتایا کہ بیرون ملک خدمات انجام دینے والے ملازمین کے پنشن فنڈس کی ہندستان میں
سرمایہ کاری کی جاتی ہے کیونکہ انہیں ان کے اپنے ممالک میں شرح سود اتنا حاصل نہیں ہوتا جتنا ہندستانی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی صورت میں انہیں منافع حاصل ہوتا ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے ہندستانی ملازمین کے پنشن فنڈس کو بھی سرمایہ کاری کیلئے استعمال کرنے پر غور کیا جانے لگا ہے۔