بنگلورو، 4 مارچ (یو این آئی) کرناٹک حکومت نے کہا ہے کہ تنازعہ سے متاثرہ مغربی ایشیا میں پھنسے ریاست کے 283 افراد میں سے اب تک صرف 18 شہری ہی بحفاظت وطن واپس لوٹ سکے ہیں۔18افراد کی واپسی ممکن ہو سکی ہے ، تاہم پروازوں میں رکاوٹ اور خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث اب بھی 265 افراد مختلف خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ 198 افراد یو اے ای میں موجود ہیں۔ اس کے بعد 31 بحرین میں، 14 قطر میں، 13 کویت میں، جبکہ چار چار افراد سعودی عرب اور ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک شہری ترکی میں بھی موجود ہے ۔
ان میں سے بیشتر مزدور اور پیشہ ور افراد ہیں جو مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی، فضائی حدود کی پابندیوں اور پروازوں کی منسوخی کے باعث وطن واپسی سے محروم ہیں۔
اب تک صرف 18 افراد کی واپسی سے ریاست میں خاندانوں کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے ، خصوصاً ان اضلاع میں جہاں خلیجی ممالک میں کام کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ اہل خانہ مسلسل حکام سے رابطہ کر کے تازہ معلومات اور جلد از جلد انخلا کے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ریاستی حکومت نے بتایا کہ تمام پھنسے ہوئے افراد کی تفصیلات وزارتِ خارجہ کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں تاکہ بیرون ملک ہندستانی مشنز کے ذریعے ان کی واپسی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کرناٹک میں ایمرجنسی رسپانس مراکز الرٹ پر ہیں اور حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔