علی پور دوار (مغربی بنگال)۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس کے ذرائع نے دو شنبہ کو بتایا کہ مغربی بنگال کے ضلع علی پور دوار میں 250 افراد سے زائد ایک ہجوم نے ایک آدمی کو بچہ چرانے کے شبہ میں مارمار کر ہلاک کرڈالا۔ یہ واقعہ اتوار کے دن شام میں چائے کے مقامی باغ میں پیش آیا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ آدمی مشتبہ انداز میں ادھر ادھر گھوم رہا تھا۔ ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ ہم نے جس وقت اس شخص کو ہجوم سے بچایا اس وقت اسے لوگ گھونسے اور لات ماررہے تھے۔ بیرہارا ہاسپٹل کے ذرائع نے کہا کہ اثنائے راہ اس کی موت ہوگئی۔ تاہم اس شخص کی شناخت نہ ہوسکی۔ ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نگیندر ناتھ ترپاٹھی نے بتایا کہ اس سلسلے میں 17 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں دو شنبہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ گزشتہ اتوار کو بھی علیحدہ دو واقعات میں دو آدمیوں کو ہجوم نے زدوکوب کرکے قتل کردیا تھا۔