انقرہ : صدر ترکی رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ یورپ سے کینیڈا تک پھیِلے رقبے سے ہر موقع پر ہمیں حقوق انسانی،جمہوریت اور آزادی کی نصیحت کرنے والوں کے تاریخی مظالم سننے اور دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اردغان نے اس بات کا اظہار انقرہ میں منعقدہ ترک نوجوانوں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کل سربرینتسا نسل کشی کی 26 ویں برسی منائی گئی اور میں تمام شہدا کیلئے دعائے مغفرت کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کے عین وسط میں اقوام متحدہ کی آنکھوں کے سامنے ہوا یہ انسانی قتل عام تاریخ کے صفحات پر ایک سیاہ داغ بن کر محفوظ ہو چکا ہے۔ اس قتل عام میں 8372 بوسنیائی قتل ہوئے جن پر ہمارا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ہر اجتماعی قبر سے تاحال متعدد شہدا کی باقیات بازیاب ہورہی ہیں جن پر ڈھائے گئے مظالم فراموش نہیں کئے جا سکتے۔ صدر ترکی نے مزید کہا کہ اس قسم کے المناک واقعات کو دوبارہ نہ دہرانے اور مغربی دنیا کو اس نسل کشی کی حقیقت سے آشکار کروانے کیلئے ہم سے جو بن پڑے گا وہ کریں گے۔