مقابلہ برائے فروغ مطالعہء سیرتِ رسولؐ

   

نئی نسل میں رسول اللہؐ کی سیرت سے متعلق کتب کے مطالعہ کو فروغ دینا بنیادی مقصد
حیدرآباد، 26 ستمبر (پریس نوٹ) نئی نسل میں محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی مکمل سیرت سے واقفیت کے لیے دوسرا عظیم الشان مقابلہ برائے فروغِ مطالعہ سیرتِ رسولﷺ منعقد ہونے جارہا ہے۔ رسول اکرمﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سالہ تکمیل کے موقع پر مصلیان شاہی مسجد باغ عام اور تنظیم فوکس، حیدر آباد کی جانب سے سیرت رسولﷺ کے حوالے سے سال بھر مختلف پروگرامس تشکیل دیے گئے ہیں، جن میں ایک اہم پروگرام طلبہ و نوجوانوں اور طالبات و خواتین کے علاوہ عوام الناس میں سیرت رسولﷺ سے متعلق کتب کے مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا ہے،۔اس سلسلہ میں سرزمین حیدر آباد پر مطالعہ برائے فروغ ِسیرت رسولﷺ کے عنوان سے ایک مقابلہ منعقد کیا جارہا ہے جس میں شرکت کرنے والوں کو تجویز کردہ الگ الگ کتاب کا شروع سے آخر تک مطالعہ کرنا ہوگا اور اس سے متعلق تحریری امتحان ہوگا۔اس مقابلہ کی سب سے اہم اور خاص بات یہ ہے کہ مکمل سیرت رسولﷺ سے واقفیت کا ذریعہ بنے گا۔ اس مقابلہ کو چار مختلف زمروں جیسے انٹر میڈیٹ طلبہ و طالبات، ڈگری طلبہ و طالبات، پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات اور زمرہ عام (مرد و خواتین) میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زمرے کے تحت سیرت رسول ﷺ پر مشتمل نہایت معیاری، قابل مطالعہ اور اہم کتاب فراہم کی جائے گی۔ یہ مقابلہ اردو، انگریزی اور رومن زبان میں منعقد ہوگا۔ کوئی بھی امیدوار اپنی سہولت سے زبان کو منتخب کرکے اس زبان میں متعلقہ کتاب شاہی مسجد باغ عام میں رجسٹریشن کے بعد مفت میں حاصل کرسکتا ہے۔ مقابلہ میں رجسٹریشن کی حتمی تاریخ 10 اکتوبر 2025 ہے۔ اس مقابلہ کا مقصد حضور پاک ؐکی زندگی کو اس کے اصل مراجع سے اخذ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ یہ اعلان مولانا ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی امام و خطیب شاہی مسجد باغ عام نے میڈیا پلیس آڈیٹوریم،گن فاؤنڈری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں ڈاکٹر محمد مصطفیٰ علی سروری اسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ صحافت و ترسیل عامہ مانو، ڈاکٹر حافظ محمد عبد العلیم اسسٹنٹ پروفیسر فاصلاتی تعلیم مانو، مولانا مظہر حسین انس فاروقی صدر مدرس الجامعۃ الفاروقیہ، مولانا حافظ سید جابر اشرف امام مسجد سکریٹریٹ، صحافی عبدالرحمان پاشا موجود تھے۔ اس مقابلہ کے کامیاب امیدواروں کو پرکشش انعامات جیسے انعام اول ہر زمرہ کے لئے لیاپ ٹاپ، انعام دوم ٹابلیٹ اور انعام سوم 6000 روپے مالیت کی کتابیں دی جائیں گی اور یہ انعامات طلباء اور طالبات (مرد و خواتین) دونوں کے لئے علیحدہ علیحدہ ہوں گے۔ مزید تفصیلات کے لئے فون 9032191696، 9014430815 یا 8179354764 پر رابط کریں ۔