نئی دہلی۔یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) سٹہ باز سنجیو چاولہ نے دعویٰ کیاکہ کوئی بھی کرکٹ میچ ایمانداری سے نہیں کھیلا جاتا، فلمی کہانیوں کی طرح سب ہی پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں۔دہلی پولیس کودئے گئے بیان میں 20 سالہ طویل تعاقب کے بعد پولیس کے ہاتھ لگنے والے سٹہ باز سنجیو چاولہ نے کہا کہ لوگ جو بھی کرکٹ میچ دیکھتے ہیں وہ سب فکسڈ ہوتے ہیں، بہت ہی بڑا انڈر ورلڈ مافیا تمام مقابلوں پر اثرانداز ہوتا ہے، یہ بالکل ویسے ہی ہے جیسے کسی فلم کی کوئی ہدایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے پرانے دوست کمار، کلارا اور دارا بھی میچ فکسنگ میںملوث رہے ہیں۔1993 میں انگلینڈ منتقل ہوا تھا، مہنگے علاقوں میں دکانوں کا مالک ہوں۔سارے کھیل کے پیچھے طاقت ور مافیا ہے، مزید تفصیل بیان نہیں کرسکتاکیونکہ ساتھ کام کرنے والے انڈرورلڈ کے لوگ قتل کرواسکتے ہیں۔دوسری جانب اسپیشل سی پی کرائم پراویررانجن نے کہاکہ چونکہ معاملہ زیرتفتیش ہے کوئی معلومات شیئر نہیں کرسکتے۔یاد رہے کہ 2000ء میں ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ میچ کو فکسڈ کروانے کے ذمہ دار سنجیو چاولہ کے ساتھ سابق جنوبی افریقی کپتان ہنسی کرونئے بھی ملوث تھے۔