نرمل۔/27 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)صدر نشین اردو اکیڈیمی ریاستی تلنگانہ طاہر بن حمدان آج سید جلیل ازہر اسٹاف رپورٹر روز نامہ سیاست نرمل کی دعوت پر نرمل تشریف لائے ۔ ان کی آمد پر مقامی دفتر سیاست میں سید جلیل ازہر، محمد انیس خان، محمد زاہد علی NRI ، صدرنشین بلدیہ نرمل مسٹر جی ایشور نے ان کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ جبکہ ڈیویژن رپورٹر نرمل سید اسمعیل نے بھی ان کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی ۔ بعد ازاں مسلم ایمپلائز اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صدر نشین ارد و اکیڈیمی سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے اردو اساتذہ کے مسائل کے علاوہ دیگر امو رپر تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے اردو کی ترقی و ترویج کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کرنے کی اپیل کی۔ صدرنشین طاہر بن حمدان نے تیقن دیا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سنجیدہ ہے ہم سے جو ممکن ہوسکے اقلیتوں کی ترقی اور اردو کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کروں گا۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی مستحکم قیادت پر پورا بھروسہ ہے کہ ریاست تلنگانہ ان کی قیادت میں ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ہر انتخابی وعدے پر عمل آوری کرتے ہوئے حکومت ترقی کی سمت گامزن ہے۔ ریاست کے تمام طبقات میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت پر اطمینان کا اظہار کیا جارہا ہے۔