مقتول وٹرنری ڈاکٹر کے پسماندگان سے کے سی آر ملاقات کریں

   

ہنمنت راؤ کا مطالبہ، نکلس روڈ پر موم بتیوں کے ساتھ ریالی
حیدرآباد ۔2 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) لیڈی وٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی قیادت میں نکلس روڈ پر موم بتیوں کے ساتھ ریالی کا اہتمام کیا گیا ۔ سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی اور کانگریس کے دیگر قائدین کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد میں اس ریالی میں شرکت کی اور پرینکا ریڈی کو خراج پیش کیا۔ ریالی کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاطیوں کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو ۔ وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پرینکا ریڈی کے افراد خاندان کو پرسہ دینے کیلئے وقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر خود کو پرگتی بھون تک محدود کرچکے ہیں اور سیاسی فائدہ کے کام انجام دے رہے ہیں۔ واقعہ کے چار دن گزرنے کے باوجود چیف منسٹر نے دکھ کا اظہار تک نہیں کیا ہے۔ گورنر اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے پرینکا ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر پسماندگان کو پرسہ دیا لیکن چیف منسٹر اور ان کے فرزند کے پاس اس متاثرہ خاندان کیلئے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کے ناطے فوری پرینکا ریڈی کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیں ورنہ کے سی آر کا شمار مخالف خواتین لیڈر کی حیثیت سے ہوگا۔ ہنمنت راؤ نے آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے کے سی آر کے وعدوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی اعلانات ابتداء میں کئے جاتے تو 53 دنوں تک ہڑتال کی نوبت نہ آتی اور نہ عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ ہنمنت راؤ نے ہڑتال کے دوران عدالت اور ورکرس کو دھوکہ دینے کے سلسلہ میں کے سی آر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی ہٹ دھرمی کے نتیجہ میں 30 آر ٹی سی ملازمین کی موت واقع ہوگئی ہے ، لہذا چیف منسٹر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی جانی چاہئے ۔ ہڑتال کے موقع پر حکومت نے عدالت سے کہا تھا کہ ملازمین کو دینے کیلئے اس کے پاس رقم نہیں ہے لیکن اب انہوں نے 100 کروڑ روپئے کا اعلان کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تلنگانہ کے عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ عدالت سے ایک روپیہ بھی نہ ہونے کی دلیل پیش کرنے والے کے سی آر کے پاس اچانک کروڑہا روپئے کہاں سے آگئے ۔ اگر ہڑتال کے آغاز پر یہ اعلانات کئے جاتے تو کئی زندگیاں بچ سکتی تھیں۔ انہوں نے لیڈی وٹرنری ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قاتلوں کو برسر عام پھانسی دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔