مقتول گلوکار سدھو موسے والا کی آخری رسومات

   

مانسا: مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا جنہوں نے کم عمری میں ہی ملک اور بیرون ملک گلوکاری میں نام کمایا، آج ان کے آبائی گاؤں موسیٰ میں ان کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں۔ لاکھوں مداحوں نے شدید گرمی میں اپنے محبوب گلوکار، بھائی اور پسندیدہ کو روتے ہوئے الوداع کیا۔ نوجوان گلوکار کی ان کے کھیت میں ہی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقع پر کھیتوں سے لیکر پورے گاؤں میں قدم رکھنے کی بھی جگہ نہیں تھی۔ کوئی جاننے والا ہو یا انجان سب کی آنکھیں نم تھیں۔ پنجاب کے کونے کونے سے لوگ اپنے بھائی اور گلوکار کے آخری دیدار کرنے پہنچے ۔ ان کے پرستار کھیتوں سے لے کر درختوں تک نظر آ رہے تھے ۔ ان کے والد نے بدہواس حالت میں اپنے اکلوتے بیٹے کی آخری رسومات ادا کیں۔