مقدمات میں سزاء کے تناسب کو بڑھانے والے عہدیداروں کو تہنیت

   

تحقیقاتی و ڈیوٹی آفیسرس، پی پی اوز کی خدمات کی ستائش، سائبر آباد پولیس کمشنر سجنارکا خطاب
حیدرآباد۔/15 نومبر،( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے مقدمات میں سزاء کے تناسب کوبڑھانے کے اقدامات پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور کمشنر نے اس سلسلہ میں خصوصی اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے آج ان افسران میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے سائبرآباد حدود میں سزاء کے تناسب کو بڑھانے کی کوشش کی۔ آج شام ایک تقریب کے دوران تحقیقاتی افسران کورٹ ڈیوٹی آفیسر اور پبلک پراسیکوٹر کو تہنیت پیش کی اور انعامات تقسیم کرتے ہوئے ان کی خدمات کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ جرائم میں سزاء کے ذریعہ ہی قابو پایا جاسکتا ہے اور جرائم کے تدارک کے لئے مقدمات میں سزا دینا ناگزیر ہے۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سجنار نے عملہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اقدامات کی کامیابی کی جھلک مجرم کو سزا دلانے اور مظلوم کو انصاف دلانے میں ملتی ہے اور اس کو ممکن بنانے کیلئے ضروری ہے کہ غیر جانبداری اور سچی لگن کے ساتھ ڈیوٹی انجام دی جائے۔ انہوں نے پولیس ملازمین کو تلقین کی کہ وہ اپنی بہترین خدمات کے ذریعہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ اور ریاست تلنگانہ کا نام روشن کریں۔ کمشنر پولیس نے حساس اور اہمیت کے حامل مقدمات میں اور ایسے مقدمات میں جس سے کئی افراد کے مفادات جڑے ہوں ان پر خصوصی توہ مرکوز کرتے ہوئے جلد از جلد ان مقدمات میں تحقیقاتی عمل کو مکمل کریں۔ انہوں نے گزشتہ چھ ماہ کی رپورٹ کے متعلق کارکردگی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ 6 ماہ کے عرصہ میں کل 150 افراد کو سزا دلائی گئی جس میں6 افراد کو عمر قید، 4 افراد کو 10 سال سے زائد عرصہ کی سزاء ، ایک شخص کو 7 سال کی سزا ، 5 افراد کو تین سال کی سزاء، 21 افراد کو دو سال کی سزاء اور 49 افراد کو ایک سال کی سزا اور ایک سال سے کم عمر کی سزا 63 افراد کو دلائی گئی۔ اس موقع پر سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔