مقدمات کا خوف دلا کر مہاراشٹرا میں اقتدارسدھاکر ریڈی کا بی جے پی پر الزام

   

حیدرآباد۔/23 نومبر، (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سینئر لیڈر اور سابق قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مہاراشٹرا میں اجیت پوار کے گھر پر ای ڈی کا استعمال کرتے ہوئے بی جے پی نے اقتدار حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں اسی طرح بلیک میل کرتے ہوئے بی جے پی برسراقتدارآئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی نے جمہوری اقدار کو پامال کردیا ہے۔ حالیہ سیاسی تبدیلیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کے پاس جمہوریت کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہے۔ مختلف مقدمات میں ملوث اور معاشی جرائم کی تحقیقات کا سامنا کرنے والے قائدین کو مزید ہراساں کرتے ہوئے بی جے پی مستحکم ہونا چاہتی ہے اس کے لئے انفورسمٹنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ذریعہ خوف زدہ کیا جارہا ہے۔ مہاراشٹرا میں آدھی رات کو این سی پی میں بغاوت ہوئی اس سے بی جے پی سازش کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو چھوڑ کر دیگر پارٹیوں میں رہ کر کرپشن کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے۔ اگر کوئی بدعنوانیوں میں ملوث ہو تو وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلے جہاں وہ پُرسکون اورمحفوظ رہ سکتے ہیں۔