ملائشیا میں نئے بادشاہ کی حلف برداری

,

   

کوالالمپور ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا میں جمعرات کے روز نئے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ کی تاجپوشی کی گئی جبکہ سابق بادشاہ کی روس کی ایک سابق ملکۂ حسن سے شادی کے بعد انہیں حقِ بادشاہت سے محروم ہونا پڑا۔ نئے بادشاہ کی تاجپوشی کا جشن دھوم دھام سے منایا گیا۔ سلطان عبداللہ کو اسپورٹس سے بیحد لگاؤ ہے۔ انہوں نے اس وقت نیلے رنگ کا خوبصورت لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ کوالالمپور کے قومی محل میں انہوں نے اپنی بادشاہت کا حلف لیا۔ تاجپوشی کی روایتی رسم کو ٹیلیویژن پر راست نشر کیا گیا جس میں وزیراعظم مہاترمحمد کے علاوہ سینکڑوں مہمانوں نے روایتی اسلامی لباس پہن کر شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب سے قبل 59 سالہ سلطان عبداللہ نے جو وسطی پہانگ ریاست کے حکمراں بھی ہیں، کا قومی پارلیمنٹ میں خیرمقدم کیا گیا اور ساتھ ہی ساتھ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ان کے پیشرو سلطان محمد پنجم، بادشاہت کے تخت پر صرف دو سال براجمان رہنے کے بعد طبی بنیادوں پر تخت سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم کچھ عرصہ بعد یہ خبریں ملیں کہ انہوں نے روس کی ایک سابق ملکۂ حسن سے شادی رچالی ہے۔