ملازمین جے اے سی کے نمائندوں کی شانتی کماری سے ملاقات

   

جی او 317 کے مسائل حل کرنے چیف سکریٹری سے مطالبہ
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جی او 317 کے تحت ملازمین کو درپیش مسائل کی جلد یکسوئی کی جائے۔ جے اے سی کے صدر وی لچی ریڈی اور دوسروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جی او 317 میں سرکاری ملازمین کے مقامی ہونے کے لئے جو اہمیت مقرر کی گئی ہے، اس پر نظرثانی کی جائے۔ جے اے سی کے قائدین نے کل چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل سے واقف کرایا تھا۔ جے اے سی قائدین نے آج چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات کی اور جی او 317 کے علاوہ دیگر مسائل پر بات چیت کی ۔ ملازمین کے نمائندوں نے جی او 317 کے بارے میں اپنے اندیشوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے مسائل پر حکومت نے جو کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے، اسے جی او 317 کے مسائل رجوع کئے جائیں اور کمیٹی سے جلد از جلد رپورٹ حاصل کی جائے۔ چیف سکریٹری کو بتایا گیا کہ میدک ، سدی پیٹ ، نظام آباد اور رنگا ریڈی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ مذکورہ جی او کے تحت ناانصافی ہوئی ہے ۔ ملازمین کے نمائندوں نے چیف سکریٹری کو دیرینہ مطالبات پر مشتمل یادداشت حوالے کی۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے یادداشت کو کابینی سب کمیٹی سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ چیف سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے قائدین میں ڈی نرملا ، ہنمنت راؤ ، ڈاکٹر کے جناردھن ، پی رمیش ، دیویندر راؤ ، جے تروپتی اور دوسرے شامل ہیں۔ 1