ملازمین و اساتذہ کو ہراساں کرنے پر انتباہ

   

پی سی سی کے آفیشیل اسپوکن پرسن ہرش وردھن ریڈی کی حکومت پر تنقید

محبوب نگر ۔ 18 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ میں ملازمین و ٹیچرس اسوسی ایشنوں کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر دوغلی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ یہ الزام پی سی سی کے آفیشیل اسپوکن پرسن ہرش وردھن ریڈی نے چہارشنبہ کے دن دفتر ضلع کانگریس میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران متحدہ ریاست میں موجود ایمپلائیز اور ٹیچرس یونینوں کو اشتعال میں لاتے ہوئے اپنا سیاسی الو سیدھا کرلیا۔ اب اچانک ملازمین اور ٹیچرس اسوسی ایشنوں پر اعتراضات کیوں کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں ملازمین، ٹیچرس اور لیبر اسوسی ایشنوں کو قائم کرنے میں آپ کا اور آپ کے ارکان خاندان کا بڑا ہاتھ رہا ہے۔ تلنگانہ کی مختلف 18 اسوسی ایشنوں کے اعزازی صدر کی حیثیت سے کے سی آر، کے ٹی آر، کویتا، ہریش راؤ ہی رہے۔ حال ہی میں آر ٹی سی کے ٹی ایم او کے ہریش راؤ اور گوداوری کھنی کوئلہ یونین کے عہدے سے کویتا مستعفی ہوگئے۔ تلنگانہ تحریک میں ملازمین ٹیچرس اور لیبرس کے تعاون کا بہت بڑا حصہ رہا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران 42 دن ہڑتال میں حصہ لینے والے ملازمین کو اس مدت کی تنخواہ اور الاؤنس آج تک نہیں ملا۔ تلنگانہ کو حاصل کرکے 5 سال گذر گئے۔ کسی محکمہ میں تقررات نہیں کئے گئے۔ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا اور نہ ہی ترقیاں دیئے گئے۔ اراضی مسائل کی یکسوئی کیلئے کے سی آر نے محکمہ مال کی ستائش کی تھی لیکن اچانک محکمہ مال کو محکمہ زراعت میں ضم کرنا کہاں تک درست ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ ایمپلائیز، ٹیچرس اور مزدور یونینوں کو تنگ کیا گیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔