پیرس۔ 14ڈسمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی نیشنل ریلوے کمپنی کے سربراہ جین پی فاران ڈؤنے پنشن میں اصلاحات کے مطالبے کے سلسلے میں احتجاج کرنے والے ملازمین سے کرسمس کی چھٹیوں میں مظاہرے نہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ملک کے عوام ارکان خاندان کے ساتھ اچھا اور پرسکون وقت گزار سکیں۔روزنامہ فیگارونے فاران ڈؤکے حوالے سے بتایا کہ اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لحاظ سے چھٹیاں بے حد اہم ہوتی ہیں۔اگلے چہارشنبہ کو لاکھوں لوگ اپنے والدین ،بچوں اور دوستوں کے ساتھ کرسمس منانے کیلئے ہرسال کی طرح اس بار بھی ٹرین سے جائیں گے ۔اس لئے میں ریلوے اور تجارتی تنظیموں سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ لوگ اس بات کا دھیان رکھیں کہ ملک کے عوام کی چھٹیوں میں کسی قسم کا خلل نہ پڑے ۔اس دوران کسی طرح کے احتجاجی مظاہرے نہ کریں۔واضح رہے کہ فرانس میں پنشن میں اصلاحات کے خلاف ہڑتال سے ملک کے عوام کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں ۔ اسکول ، کالج اور دفتروں کا کام کاج متاثر ہوا ہے اور ٹرانسپورٹ سرویس بھی متاثر ہوئی ہے۔کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں اور دارالحکومت پیرس میں اب تک 80سے زیادہ لوگوں کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے ۔فرانس میں لوگ پنشن منصوبے میں مجوزہ اصلاحات سے بے حد ناراض ہیں۔