ملازمین کی تنخواہوں سے ریکوری نہ کرنے جگن حکومت کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرـآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے حکومت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے ریکوری کی صورت میں سنگین نتائج کا انتباہ دیا ہے۔ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے پی آر سی سے متعلق جاری کردہ احکامات کے خلاف دائر کردہ درخواست کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے یہ ریمارکس کئے۔ عدالت نے کہا کہ اگر ملازمین کی تنخواہوں سے ریکوری کی گئی تو اس کا سختی سے نوٹ لیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے پی آر سی سے متعلق سرکاری احکامات درخواست گذار کے حوالے کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ جوابی حلفنامہ کے ساتھ پی آر سی کی رپورٹ پیش کرے۔ آئندہ سماعت دو ہفتوں بعد مقرر کی گئی۔ آندھرا پردیش گزیٹیڈ عہدیداروں کی تنظیم کے صدر کے وی کرشنیا نے درخواست داخل کرتے ہوئے شکایت کی کہ حکومت کے احکامات سے سرویس بینفٹ میں کمی ہورہی ہے۔ مقدمہ میں آندھرا پردیش حکومت، وزارت فینانس اور ریوینو کے پرنسپل سکریٹریز کے علاوہ مرکزی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس مقدمہ کی گذشتہ ماہ بھی سماعت ہوئی تھی تاہم ہائی کورٹ نے حکومت کو تنخواہوں سے ریکوری نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ آج سماعت کے موقع پر درخواست گذار کے وکیل نے ریکوری کا اندیشہ ظاہر کیا جس پر عدالت نے دوبارہ احکامات جاری کئے۔ر