ندیم کالونی : سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والا علاقہ
ندیم کالونی ، وراثت نگر ، نیراجا نگر اور بالریڈی نگر میں نالوں پر غیر قانونی قبضوں کو برخاست کیا جائے اور تالاب میں پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے
حیدرآباد :۔ سال 2000 ، 2008 اور 2020میں شہر میں ہوئی شدید بارش اور سیلاب سے ندیم کالونی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے ۔ جہاں اب ناقابل استعمال گھریلو سامان کے کئی ٹنس کا سڑکوں پر ڈھیر ہوگیا ہے اور شاہ حاتم تالاب کے باندس سے حالیہ سیلاب کے نقصانات کا پتہ چلتا ہے ۔ بارش سے قریبی علاقے نیراجا کالونی اور بال ریڈی نگر بھی جو شاہ حاتم تالاب جسے شاہ تم چیرو بھی کہا جاتا ہے ، کے اطراف میں واقع ہیں ، ڈوب گئے ۔ پانی جانے کے راستوں کے بھر جانے بڑی مقدار میں ملبہ ڈالنے اور تعمیرات اور ناجائز قبضوں کے باعث پانی کی نکاسی کا راستہ اور موریوں کے تنگ ہوجانے کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ سٹیلائٹ میاپس کی اسٹڈی سے معلوم ہوا کہ اس جھیل اور ایف ٹی ایل میں بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ندیم کالونی کے ساکن محمد معز نے کہا کہ نالوں اور تالاب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ بالائی علاقہ جوبلی ہلز سے کثیر مقدار میں پانی کا بہاؤ یہاں ہوتا ہے ۔ پانی کی نکاسی کے نالے بند ہوگئے ہیں ۔ پانی سڑکوں پر 10 فیٹ تک آگیا تھا جس کی وجہ کافی نقصانات ہوئے ۔ شاہ حاتم تالاب دراصل 74 ایکڑس پر محیط تھا لیکن اب اس کا رقبہ گھٹ کر ایک تہائی ہوگیا ہے ۔ یہ بات نیا قلعہ کے ساکن الیاس خان نے بتائی جو اس تالاب کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔ ’جمالی کنٹہ 14 ایکڑس ہے اور نیا قلعہ تالاب 28 ایکڑس پر پھیلا ہوا ہے ۔ یہ تمام جھیلیں ایک دوسرے سے مربوط تھے ۔ لیکن غیر قانونی قبضوں کے باعث ان میں ربط ٹوٹ گیا ۔ تیس سال پہلے میں یہاں کھیلا کرتا تھا ۔ آج وہ سیوریج پانڈس بن گئے ہیں ۔ لینڈ گرابرس نے تالاب کو مٹی سے بھر دیا اور پلاٹس بناکر فروخت کیے ۔ خانگی شکم اراضی میں بھی تعمیرات نہیں ہونی چاہئے ۔ لیکن وہاں تو کالونیاں بن گئے ہیں ‘۔ شاہ حاتم تالاب کے پانی کی نکاسی کے تمام تین راستے مکمل یا جزوی طور پر ملبہ ، خودرو پودوں سے بند ہوگئے ہیں ۔ محکمہ آبپاشی کے اسسٹنٹ انجینئر سی ایچ پراوین نے کہا کہ ’جب ان لوگوں نے ایف ٹی آئی میں مکانات تعمیر کئے تو پھر ندیم کالونی شاہ حاتم نگر اور وراثت نگر کے مکین کس طرح یہ توقع کرسکتے ہیں کہ وہ سیلاب میں نہیں ہوں گے ؟ 2013 کے بعد میں نے ایف ٹی ایل مقرر کرنے کے بعد شاہ تم چیرو کی فینسنگ کی تھی اور اس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ۔ وباء سے قبل غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے والوں نے وراثت نگر کے قریب اس تالاب میں ملبہ ڈالا اور ایک لے آوٹ بنایا۔ ہم نے ایک کریمنل مقدمہ درج کیا ۔ اور ریونیو اور پولیس کے ساتھ اس اراضی کا دوبارہ دعویٰ کیا ۔ باقی فینسنگ کروائی جائے گی ۔۔