پداپلی ایجوکیشن سوسائٹی کی یوم تاسیس تقریب، مقررین کا خطاب
پداپلی۔ 8 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پداپلی ایجوکیشنل سوسائٹی کی 5ویں سالانہ تقریب بڑے جوش و خروش کے ساتھ ایم بی گارڈن فنکشن ہال، پداپلی میں بروز ہفتہ منائی گئی۔ یہ تقریب سوسائٹی کی پانچ سالہ خدمات کی ایک اہم علامت تھی، جس میں کمیونٹی کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بے لوث خدمات شامل ہے۔پداپلی ایجوکیشنل سوسائٹی کے سیکرٹری جناب محمد عبدالحمید نے اپنی تقریر میں سوسائٹی کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی ، جن میں لائبریریوں، کمپیوٹر سینٹرز، اور مفت اردو اور عربی کلاسز کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے حال ہی میں شامل کیے گئے مفت سلائی کے کورسز پر بھی زور دیا، جو خواتین اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتوں کے ذریعے خودمختار بنانے کے لیے شروع کیے گئے ہیں۔جناب مرزا احمد بیگ، صدر پداپلی ایجوکیشنل سوسائٹی نے حاضرین سے خطاب کیا اور سوسائٹی کے منصوبوں میں شامل تمام اساتذہ کی محنت کو سراہا۔ اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کے طور پر صدر نے انہیں مالی اعزاز سے بھی نوازا۔اس تقریب میں معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں محمد عبدالحئی جاوید، سید معیز الدین سجاد، محمد عظیم الدین ، محمد ممتاز احمد مرزا مسعود بیگ، سید شاہ نواز، ایم اے حادی، مرزا شجاعت بیگ، ذیشان عادل، مقیم، ضمیر، سعید، سید جاوید، اور ڈاکٹر عزیز ودیگر شامل تھے، جنہوں نے علاقے میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں سوسائٹی کے کردار کی تعریف کی۔ یہ تقریب اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ سوسائٹی پداپلی کے تمام کمیونٹیز کو معیاری تعلیم، مسابقتی امتحانات کی تیاری، اور مہارت پر مبنی تربیت فراہم کرنے کے اپنے مشن کو مزید جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔