دبئی ۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز ٹیم دہلی کیپیٹلز کے تجربہ کار لیگ اسپنر امت مشرا اس ٹورنمنٹ میں ممبئی انڈینز کے لست ملنگا کا سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ممبئی انڈینز کے سری لنکا کے فاسٹ بولر ملنگا ذاتی وجوہات کی بنا پر اس بار ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ ملنگا نے آئی پی ایل کے122 میچوں میں170 وکٹیں حاصل کی ہیں جو ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ ہیں ۔ دہلی کیپٹلز کے مشرا نے147 میچوں میں157 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کے لئے انہیں 14 وکٹیں درکار ہیں۔مشرا کے علاوہ آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور لیگ اسپنر پیوش چاولا بھی ملنگا کے ریکارڈ توڑنے کی دوڑ میں شامل تھے لیکن ہربھجن نے ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے دستبرداری کا فیصلہ کیا اس لئے اب چاولہ ملنگا کا ریکارڈ توڑنے کے دوسرے دعویدار ہیں۔چاولہ نے اب تک 157 میچوں میں150 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
آئی پی ایل کمنٹری پینل کااعلان
نئی دہلی ۔آئی پی ایل2020 کے آفیشل براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس کمنٹری پینل کے لئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ اس بار آئی پی ایل کے میچوں پر ہندی ، انگریزی اور بہت سی زبانوں میں تبصرہ کیا جائے گا۔اس کے لئے مختلف زبانوں کے کمنٹیٹرز کو پینل میں شامل کیا گیا ہے ۔ سنجے منجریکر کا نام آئی پی ایل 2020 کے کمنٹری پینل میں شامل نہیں ہے ۔میچ ہندوستان کے وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے کھیلے جائیں گے۔