ملکارجن کھرگے اور ریونت ریڈی کی بیدر میں کانگریس انتخابی مہم

   

کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی یقینی، ریونت ریڈی کی تین روزہ انتخابی مہم کو قطعیت
حیدرآباد۔/2مئی، (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے تین روزہ دورہ پر روانہ ہوئے۔ ریونت ریڈی نے آج بیدر میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور دیگر قائدین کے ہمراہ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور جلسہ عام سے خطاب کیا۔ تلنگانہ سے اے آئی سی سی سکریٹری اور رکن اسمبلی سریدھر بابو بھی انتخابی مہم میں شریک ہیں۔ بیدر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہ کرناٹک میں فرقہ پرستی اور نفرت کے خاتمہ کیلئے کانگریس کا اقتدار ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کرناٹک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے اور ہر معاملہ میں 40 فیصد کمیشن حاصل کیا جارہا ہے۔ کرناٹک کے عوام نے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور کانگریس کی تائیدکا فیصلہ کرلیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملکارجن کھرگے کی قیادت میں کانگریس کرناٹک میں برسراقتدار آئے گی۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی مہم کے دوران حقیقی مسائل کو فراموش کرتے ہوئے کانگریس کے خلاف بے بنیاد الزام تراشی میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کی شکست کو یقینی قرار دیتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ کرناٹک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ تین روزہ انتخابی مہم کے دوران ریونت ریڈی بھالکی، ہمناآباد، الند، چنچولی، سیڑم تعلقہ، کلبرگی، شورا پور، شاہ پور، یادگیر اور گرمٹکال میں عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ر