لندن: برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق ان کی موت آٹھ ستمبر کی سہ پہر 3:10 بجے ہوئی اور اس کی وجہ ’بڑھاپا‘ تھی۔96 سالہ برطانوی ملکہ کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جمعرات کو جاری کیا گیا جن کی موت سکاٹش ہائی لینڈز میں واقع بالمورل کاسل سٹیٹ میں ہوئی تھی۔الزبتھ دوم برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک تخت نشین رہیں جن کی 1952 میں تاج پوشی کی گئی تھی۔ اس طرح وہ 70 سال تک تخت برطانیہ پر براجمان رہیں۔اسکاٹ لینڈ کے نیشنل ریکارڈ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ سے پتہ چلتا ہے کہ آنجہانی ملکہ کی موت ان کی اکلوتی صاحبزادی شہزادی این نے 16 ستمبر کو رجسٹر کروائی تھی۔ شہزادی این نے 13 ستمبر کو بکنگھم پیلس سے جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنی والدہ کی زندگی کے آخری 24 گھنٹوں کے دوران ان کے ساتھ موجود تھیں۔سرٹیفکیٹ میں ملکہ کی موت کی جگہ پر ’بالمورل کاسل‘ درج کیا گیا ہے۔