ملک بھر میں آج تمثیلی مشق ۔ شہر میں چار اہم مقامات پر ڈرل ہوگی

   

عوام کو ہنگامی حالات کیلئے تیار رہنے کی مشق کروائی جائے گی ۔ سائرن بجے گا ۔ عوام میں شعور بیدار کرنا اصل مقصد
حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) مرکز کی جانب سے ملک بھر میں تمثیلی مشق ( ماک ڈرل) کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ سرحد پر تناؤ اور ہند۔پاک کشیدگی کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ملک بھر میں 259 مقامات پر تمثیلی مشق کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جنگی حالات میں محفوظ رہنے کے علاوہ حملہ کی صورت میں احتیاطی تدابیر کی تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس فیصلہ کے مطابق 7 مئی کو شہر حیدرآباد میں 4مقامات پر تمثیلی مشق (Mock Drill) کی جائے گی ۔ شہر حیدرآباد میں جن مقامات پر تمثیلی مشق کی جائے گی وہاں سائرن بجانے کے علاوہ حملہ کی صورت میں احتیاطی اقدامات کی عملی تربیت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق شہر میں ڈی آر ڈی او کنچن باغ ‘چندرائن گٹہ ‘ این ایف سی مولیٰ علی ‘ سکندرآباد و گولکنڈہ کے قریب یہ مشقیں کی جائیں گی۔ حیدرآباد میں مشقوں کے مقامات کا تعین دفاعی تنصیبات کی نشاندہی کرکے کیاگیاہے۔ ہندوستان میں 1971 کے بعد پہلی مرتبہ ان تمثیلی مشقوں کے ذریعہ عوام کو چوکنا کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں کیونکہ54 سال کے دوران جنگی حالات کا سامنا نہیں رہا بلکہ بنگلہ دیش کو پاکستان سے آزاد کروانے کی گئی جنگ میں ملک بھر میں کئی مقامات پر تمثیلی مشقیں کی گئی تھیں ۔ مسٹر اروند کمار آئی اے ایس نے اپنے X اکاؤنٹ پر اطلاع میں بتایا کہ 7 مئی کو آؤٹر رنگ روڈ کے اندرونی حدود میں 4تا4:30 بجے شام کے دوران سائرن بجائیں جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو حفظ ماتقدم کے تحت تربیت اور ’آپریشن ابھیاس‘ کے نام سے مشق کے دوران عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ تمثیلی مشق میں حصہ لے کر چوکسی اختیار کرنے کے طریقہ کار اور انسانی جانوں کو بچانے اقدامات کے متعلق آگہی حاصل کریں ۔ ان تمثیلی مشقوں میں نہ صرف این سی سی کیڈیٹ‘ این ایس ایس کیڈیٹ‘ سیول ڈیفنس رضاکار‘ ہوم گارڈس‘ وارڈنس ‘ آفیسرس‘ اسکول و کالجس میں تعلیم حاصل کر رہے طلبہ‘ نہرو یووا کیندر میں زیر تعلیم طلبہ کو مشقوں میں شامل رکھا جائے گا۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں ان مشقوں کے دوران شہریوں کو حملہ کی صور ت حفاظتی تدابیر اختیار کرنے و دوسروں کی جان بچانے کے اقدامات کی تربیت دی جائے گی ۔ دفاعی تنصیبات بالخصوص تحقیقی اداروں‘ افواج کے ٹھکانوں کے علاوہ اہم پراجکٹس کی حفاظت کیلئے ان مشقوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا اور جن علاقوں میں اہم دفاعی تنصیبات ہیں ان میں تمثیلی مشقوں کے دوران سائرن بجایا جائے گا جس کی آواز 5کیلو میٹر دور تک سنائی دے گی۔بتایاجاتا ہے کہ ہندوستان بھر میں فضائی حملوں کو نظر میں رکھتے ہوئے تمثیلی مشقوں کا اہتمام کیا جا رہاہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے شہریوں کو بھی تیار رکھا جاسکے۔ حیدرآباد میں گولکنڈہ ‘ سکندرآباد‘ چندرائن گٹہ اور مولیٰ علی میں دفاعی تنصیبات اور اہم پراجکٹس کے تحفظ کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی آر ڈی او کنچن باغ کے علاوہ شہر میں فوج کے ٹھکانوں کے ساتھ مولیٰ علی میں نیو کلئیر فیول کامپلکس کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد سے سرحد پر جاری کشیدگی کے دوران مرکزی حکومت نے جنگی حکمت عملی کے طور پر تمثیلی مشقوں کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزار ت داخلہ نے ان مشقوں کے ذریعہ نوجوانوں اور طلبہ کو حملہ کی صورت میں حفاظت خود اختیاری کی تربیت دینے اور عوام میں شعور بیداری کا منصوبہ ہے۔ 54 سال بعد ملک میں بیک وقت تمثیلی مشق سے عوام میں کوئی ہلچل اور تشویش پیدا نہ ہو اس کیلئے ان کے مقامات اور کاروائیوں سے واقف کرنے اقدامات کئے گئے ہیں ۔ کہا گیا کہ تمثیلی مشقوں میں شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ انہیں حفاظتی اقدامات کی عملی تربیت دی جائے گی۔3