ملک بھر میں بی جے پی پر نفرت کو بڑھاوا دینے کا الزام

   

عادل آباد میں ٹی آر ایس کا جلسہ، رکن اسمبلی جوگو رامنا کا خطاب

عادل آباد۔/25 مارچ۔ تلنگانہ کے عوام کو ہندو مسلم بھائی چارگی میں نفرت پھیلانے والی ’’ کشمیر فائیلس ‘‘ نہیں بلکہ ملک کو ترقی کی سمت گامزن کرنے والے ترقیاتی کاموں پر مبنی ہندو مسلم اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے والی فائیل کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار عادل آباد کے رکن اسمبلی مسٹر جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد کے ایک فنکشن ہال میں ٹی آر ایس پارٹی اراکین و قائدین کے منعقدہ جلسہ عام میں کیا۔ جوگورامنا نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت ملک میں عوامی مسائل کو حل کرنے میں جہاں ایک طرف اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کررہی ہے وہیں دوسری طرف ملک کے پرامن ماحول کو مکدر کرنے کی غرض سے نفرت کو پروان چڑھا رہی ہے۔ عادل آباد رکن اسمبلی نے ریاست میں وسط مدتی انتخابات کو ناممکن قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا جانبردارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا ذمہ دار بی جے پی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کسانوں کی زرعی پیداوار دھان کو مرکزی حکومت کے تحت خریدنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ دھان کی خریدی کو مرکزی حکومت کی جانب سے یقینی بنانے کی خاطر جاریہ ماہ کی 26 تاریخ کو گرام پنچایت سطح پر 27 تاریخ کو منڈل کی سطح پر اور 28 تاریخ کو ضلع پرجا پریشد میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو پہنچانے سے اتفاق کیا گیا۔ قبل ازیں ڈی سی سی بی چیرمین بھوجا ریڈی، صدرنشین بلدیہ جوگو پرمیندر، نائب صدر بلدیہ ظہیر رمضانی، ٹی آر ایس قائد یونس اکبانی ، میناریٹی ضلع صدر محمد ظہور الدین، سید ساجد الدین اور دیگر قائدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔