نئی دہلی 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل پاپولیشن رجسٹر ( این پی آر) کو اپ ڈیٹ کرنے اور مردم شماری 2021 کے پہلے مرحلے کے کام کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ ملک بھر میں آج وزیر اعظم نریندر مودی کے معلنہ 21 دن کے لاک ڈاون کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ دونوں کام یکم اپریل سے شروع ہوکر 30 ستمبر کو مکمل ہونے والے تھے ۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ملک بھر کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے این پی آر اور مردم شماری کے کام کو تا حکم ثانی موخر کردیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے آج شام قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں 21 دن کے لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ مردم شماری اور این پی آر کے کام کی تیاریاں عروج پر ہیں اور انہیں یکم اپریل سے شروع کردیا جائیگا ۔ تاہم اب صورتحال کے مطابق اس کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ آج اعلی سطح کے ایک اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔