ملک بھر میں کئی شاہین باغ قائم ہورہے ہیں

,

   

معیشت تباہ ہورہی ہے، سی اے اے کیخلاف آواز اُٹھانے پر نندیتا داس کا زور

جئے پور 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے والے طلباء اور عام افراد کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے اداکارہ نندیتا داس نے کہاکہ دہلی کے شاہین باغ کی طرح ملک بھر میں مزید کئی شاہین باغ قائم ہورہے ہیں۔ داس نے عوام پر زور دیا کہ وہ سی اے اے کیخلاف زیادہ سے زیادہ آواز اُٹھائیں۔ این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس) کے خلاف بھی اپنا صدائے احتجاج بلند کریں۔ یہ حکومت عوام سے کہہ رہی ہے کہ وہ اپنے ہندوستانی ہونے کا ثبوت دیں۔ چار نسلوں سے یہاں رہنے والے عوام سے ان کی شہریت مانگی جارہی ہے۔ یہ بہت بڑے افسوس کی بات ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ ہر ایک کو سی اے اے کیخلاف آواز اُٹھانی ہوگی۔ اُنھوں نے جئے پور لٹریچر فیسٹیول کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج مسلسل جاری ہے اور اس میں کوئی سیاسی پارٹی ملوث نہیں ہے۔ یہ خالص عوام کا احتجاج ہے۔ طلباء اور عام شہری جوق درجوق احتجاج کا حصہ بنتے جارہے ہیں۔ نوجوانوں نے ملک میں اُمید کی کرن پیدا کردی ہے۔ ہم کو اِن قوانین کے خلاف آواز اُٹھانی چاہئے۔ اُنھوں نے زور دے کر کہاکہ ملک میں معاشی سست روی چل رہی ہے۔ بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے اور اب سی اے اے اور این آر سی کا کھیل کھیل کر حکومت ان مسائل سے عوام کی توجہ ہٹارہی ہے۔ ساری دنیا میں ہندوستان موضوع بحث بنا ہوا ہے کیوں کہ عوام کو مذہب کی بنیادوں پر تقسیم کیا جارہا ہے۔ ہم نے ہندوستان کے اندر 50 سال میں اس قدر بیروزگاری نہیں دیکھی ہے۔ معیشت تباہ ہورہی ہے۔ بین الاقوامی اخبارات لکھ رہے ہیں کہ ہندوستان میں یہ سب کچھ پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ ہم کو مذہب کی بنیاد پر بانٹا جارہا ہے۔ ہمارے دستور نے ہم کو یکساں حقوق دیئے ہیں، آپ کسی بھی ذات، نسل یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں لیکن سب دستور ہند کے تحت یکساں ہیں۔