“ملک مضبوط چاہیے یا حکومت؟” : ادھو ٹھاکرے نے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ سے پہلے مرکزی حکومت پر کیا حملہ

   

ممبئی:شیو سینا کے یوم تاسیس سے ایک دن پہلے ادھو ٹھاکرے نے ممبئی میں مرکزی اور ریاستی حکومت کو نشانہ بنایا۔ اس کے ساتھ ہی ادھو ٹھاکرے نے 23 جون کو بہار کے پٹنہ میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کا یہ پہلا بڑا پروگرام ہے۔ ممبئی کے ورلی میں ریاستی سطح کے عہدیداروں کے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کل شیوسینا کا یوم تاسیس ہے اور پرسوں عالمی یوم غدار ہے۔ ورلی ادھو ٹھاکرے کے بیٹے اور سابق ریاستی وزیر آدتیہ ٹھاکرے کی اسمبلی سیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہم کہتے تھے کہ ملک میں مستحکم اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے لیکن کیا آپ کو مضبوط ملک چاہیے یا حکومت؟ انہوں نے کہا کہ وہ مجھ پر تبصرہ کرتے ہیں کہ میں کبھی باہر نہیں گیا، ہاں نہیں گیا۔ پورا مہاراشٹر میرا گھر ہے۔ گھر میں بیٹھ کر میں نے پورے مہاراشٹر کے لوگوں کا خیال رکھا ہے۔