بنگلور، 10 مارچ (یو این آئی) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس صدر ڈی کے شیو کمار نے منگل کو رسوئی گیس کی ممکنہ قلت کے حوالے سے سنگین وارننگ دی اور کہا کہ اگر ایل پی جی کی سپلائی جلد بحال نہ ہوئی تو ملک ایک بڑے بحران کی طرف بڑھ سکتا ہے ۔ شیو کمار نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، “ملک میں صورتحال تشویشناک ہو رہی ہے ۔ گیس نہ ملنے کی وجہ سے ہوٹل بند ہو سکتے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو تمام اشیاء کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔” انہوں نے بتایا کہ گیس کی سپلائی میں کمی کی وجہ سے کئی ہوٹل اپنے باورچی خانے بند کرنے پر غور کر رہے ہیں، جس سے غذائی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں اور ہاسپیٹلٹی کے شعبے پر سنگین اثر پڑ سکتا ہے ۔شیوکمار نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کا اثر اسپتالوں اور دیگر ضروری خدمات پر بھی پڑ سکتا ہے جو مسلسل گیس کی فراہمی پر منحصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر گیس دستیاب نہ ہوئی تو لوگوں کو دوبارہ پرانے طریقوں-جیسے لکڑی یا کیروسین اسٹوب سے کھانا پکانا پڑ سکتا ہے ۔ اب کیروسین بھی آسانی سے دستیاب نہیں ہے ، جس سے مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔