ملک میں بی جے پی کی الٹی گنتی شروع: اندرا کرن ریڈی

   

پانچ ریاستوں کے اسمبلی چناؤ میں شکست ہوگی، کھاد کی اضافی قیمتوں کے خلاف احتجاج
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر انڈومنٹ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست فاش ہوگی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اندرا کرن ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر اور حکومت کے خلاف بی جے پی قائدین کی بیان بازی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ وزیر انڈومنٹ نے کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی کی شکست کا منظر واضح ہوچکا ہے اور کئی ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے اپوزیشن جماعتوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی پالیسیوں سے عوام سخت نالاں ہیں۔ ملک بھر میں کسانوں کے خلاف حکومت کے اقدامات سے پانچ ریاستوں میں بی جے پی کی شکست یقینی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتیں متحد ہورہی ہیں۔ کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کی مخالفت کرتے ہوئے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ کسانوں پر اضافی بوجھ عائد کرنا ناقابل قبول ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کھاد کی اضافی قیمتوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ اندرا کرن ریڈی نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو چیلنج کیا کہ وہ کھاد کی اضافی قیمتوں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں۔ بی جے پی قائدین کسانوں سے ملاقات کریں گے تو انہیں اس فیصلہ کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے فیصلہ تک ٹی آر ایس کا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی اپیل پر کسانوں اور عوامی نمائندوں کو گاؤں گاؤں پہنچ کر مرکز کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے ۔ ر