ملک میں ٹورازم صنعت کے حالات بہتر ہونے کا امکان

   

عنقریب مرکزی حکومت کا فیصلہ، سیاحوں کو راغب کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔20ستمبر(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کے سبب تباہ کن صورتحال کا سامنا کررہی ٹورازم صنعت کے حالات جلد بہتر ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے جلد ہی ہندستان میں سیاحت کے مقصد سے سفر کرنے والے بیرونی شہریوں کے لئے ویزوں کی اجرائی کا عمل شروع کئے جانے کا امکان ہے اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔مرکزی حکومت کی جانب سے مارچ 2020سے بیرونی سیاحوں کی آمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں ہندستانی ویزوں کی اجرائی کا سلسلہ بند کردیا گیا تھا لیکن ملک میں بتدریج کورونا وائرس کی مریضوں کی تعداد میں ہونے والی کمی کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے سیاحت کیلئے ہندستان کا سفر کرنے کے خواہش مندوں کو ویزوں کی اجرائی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ابتدائی 5 لاکھ سیاحتی ویزوں کی مفت اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بیرونی ممالک کے سیاحوں کو ہندستان کی سیاحت کی سمت راغب کیا جاسکے۔ملک میں سیاحتی سرگرمیوں کے احیاء کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے متعلق عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ ابتدائی 5لاکھ ویزوں کی مفت اجرائی کے فیصلہ سے نہ صرف سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس فیصلہ کا فائدہ فضائی کمپنیوں ‘ ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات کے اطراف و اکناف کے بازاروں کو بھی حاصل ہوگا۔مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ 10 یوم کے دوران حکومت کی جانب سے اپنی سیاحتی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا اور محکمہ داخلہ کی جانب سے کئے جانے والے اس اعلان میں اس بات کی صراحت کی جائے گی کہ ہندستان کو سیاحت کی غرض سے کن ممالک کے سیاح پہنچ سکتے ہیں اور کن ممالک کے شہریوں کو کن شرائط پر ویزوں کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔M