ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 918 ہوگئی

,

   

ہفتے کے روز ایک دن میں ریکارڈ 179 نئے کیسیس
نئی دہلی 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ ۔ 19)کے مریضوں کی تعداد 918 ہوگئی جبکہ ہفتہ کو ایک ہی دن میں 179 ریکارڈ تازہ نئے کیسیس کی اطلاع ہے۔ تاحال کسی ایک دن میں متاثرین کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا وائرس سے مہلوکین کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 179 نئے کیس سامنے آنے کی وجہ سے ملک میں اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 918 تک پہنچ گئی ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے مطابق آج علی الصبح تین بجے تک ملک میں کورونا وائرس کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 748 تھی۔ اس کے علاوہ 66 لوگ ٹھیک ہوکر ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوچکے ہیں جبکہ 19 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ ایک غیر ملکی علاج کے بعد ملک سے باہر جاچکا ہے۔ اس سے پہلے جمعہ کی صبح 10 بجے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ کل 724 لوگوں میں کووڈ ۔ 19 کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کورونا وائرس سے مہاراشٹرا میں 5 افراد کی موت ہوئی جبکہ گجرات میں 3 ، کرناٹک میں 2 اور مدھیہ پردیش میں 2 افراد فوت ہوئے ہیں۔ ٹاملناڈو، بہار، پنجاب، دہلی، مغربی بنگال، جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش سے ایک ایک شخص کے فوت ہونے کی اطلاع ہے۔ ملک میں 918 کورونا وائرس کے مریضوں میں 47 بیرونی شہری بھی شامل ہیں۔ مہاراشٹرا میں 3 بیرونی شہریوں کے بشمول متاثرین کی تعداد 180 ہوگئی ہے جو کسی بھی ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ کیرالا میں 176 متاثرین کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جس میں 8 بیرونی شہری شامل ہیں۔ راجستھان میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہوگئی ہے جن میں دو بیرونی شہری شامل ہیں۔ اترپردیش میں ایک بیرونی شہری کے بشمول 55 متاثرین بتائے گئے ہیں۔ ممبئی میں کورونا وائرس سے ایک ڈاکٹر کی موت کے بعد بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن میں سیفی ہاسپٹل کے انٹنسیو کیر یونٹ، سی ٹی اسکیان اور دوسرے یونٹس کو مہربند کردیا۔