مرکز اور ریاستوں کی کوششوں سے کورونا وائرس کی وبا ء سے شفایابی کی شرح 62.09%
نئی دہلی۔ ہندوستان میں اب تک کورونا وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کے کوئی اشارے نہیں ہیں اور جو زیادہ تر معاملات دیکھنے میں آئے ہیں وہ کسی خاص جگہ پر بڑی تعداد میں دیکھنے کو ملے ہیں جو کورونا کیسیس کے بارے میں عوام کی لاپرواہی ظاہر کرتے ہیں۔ جمعرات کو وزارت صحت میں او ایس ڈی راجیش بھوشن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ جس علاقے کے عوام نے کورونا میں تھوڑی بھی لاپرواہی برتی، وہیں پر زیادہ تر کیسیس دیکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 733 اضلاع میں سے صرف 49 اضلاع میں 80% کورونا کیسیس دیکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کورونا انفیکشن کے حوالے سے جو رجحانات نظر آتے ہیں وہ مقامی سطح پر انفیکشن اور بڑے پیمانے پر کمیونٹی ٹرانسمیشن کے ہیں لیکن آج تک ہندوستان میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کے بارے میں کوئی پختہ ثبوت نہیں ملے ہیں اور عالمی ادارۂ صحت نے بھی مقامی اور کمیونٹی ٹرانسمیشن کے متعلق مختلف رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔کورونا وائرس (کووڈ-19) کی روک تھام اور علاج میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی کوششوں سے ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 62.09% ہوگئی ہے۔ جمعرات کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 19,547 مریض کورونا وائرس سے پوری طرح صحت یاب ہوگئے ہیں۔ اس طرح اب تک مجموعی طور پر 4,76,377 افراد اس بیماری سے پوری طرح نجات پاچکے ہیں۔اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے 2,69,789 مریض زیر علاج ہیں۔ اس طرح کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد زیر علاج مریضوں کے مقابلے میں تقریبا ًدگنی ہوگئی ہے۔ملک میں کورونا کی جانچ کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ملک میں 1132 لیباریٹریزہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 2,67,061 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ ملک میں اب تک کورونا کے 1,07,40,832 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔