اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ ۔ مودی حکومت خواب غفلت میں۔ رندیپ سنگھ سرجیوالا
نئی دہلی: کانگریس نے نریندرمودی حکومت کو غریب مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس غریبی سے نمٹنے کا منصوبہ نہیں ہے اور اقوام متحدہ نے بھی اعتراف کرلیا ہے کہ ہندوستان میں غریبوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں غریبی بڑھ رہی ہے 40کروڑ ہندوستانی غریبوں کو غریبی سطح سے نیچے دھکیلا جارہا ہے لیکن حکومت اس سمت میں کوئی کوشش نہیں کررہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ رپورٹ چونکانے والی ہے اور اس سے لگتا ہے کہ مودی حکومت اس بار غریبوں پر حملہ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی ترقی کا جھنجھنا پکڑا کر مودی اقتدار میں آئے تھے لیکن چھ سال بعد ملک کے کیا حالات ہوگئے ہیں،یہ سب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غریبوں کے پیٹ میں روٹی نہیں،ہاتھ میں کام نہیں،گھر میں آرام نہیں،کیا کریں غریب۔کیا کرے کم آمدنی والا شخص۔روزگارجارہے ہیں لیکن حکومت بے خبر سوئی پڑی ہے ۔ترجمان نے کانگریس کی قیادت والی حکومت میں غریبی مٹانے کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2004 میں گانگریس اقتدار میں غریبی کی شرح 38 فیصد تھی جو 2014 میں 16 فیصد کم ہوکر 21.9 فیصد رہ گئی تھی۔اس دوران ملک میں 14 کروڑ غریب عوام غریبی سے اوپر اٹھ گئے اور 40کروڑ افراد متوسط طبقے کی فہرست میں آگئے ۔غریبی کے خاتمے کیلئے کانگریس نے دس سال میں 16 پروگرام چلائے اور 12 ویں پنج سالہ منصوبے میں 15.5 لاکھ کروڑ روپے خرچ کئے ۔ انہوں نے کہا کہ منریگا پروگرام میں 100 دن کام کو یقینی بناکر213 کروڑ انسانی دن بناکر غریبوں کے ہاتھ مضبوط کیے اور گاوں میں پیسہ پہنچا کر کھپت بڑھائی گئی۔اس دوران صنعتی نموکی شرح 8.5 فیصد تھی اور جی ڈی پی 7.5 فیصد کی شرح سے بڑھی۔عالمی معاشی بحران کے دور میں ہندوستان کی معیشت نہیں رکی۔فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت 300فیصد بڑھائی گئی اور لوگوں کی آمدنی میں 300 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا۔