کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی انتخابی مہم ۔ عوام کے تمام طبقات سے تائید کا اظہار
حیدرآباد 21 نومبر ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں بھی ساری ریاست تلنگانہ کی طرح تبدیلی کی لہر دیکھی جا رہی ہے اور عوام میں اس تعلق سے دلچسپی بھی بڑھنے لگی ہے ۔ کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی ملک پیٹ جناب شیخ اکبر کی انتخابی مہم میں بھی تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ وہ مسلسل عوامی حلقوں میں پیدل دورے کرنے اور ووٹرس سے ملاقات کرنے کے علاوہ انتخابی جلسوں کے انعقاد کے ذریعہ بھی حلقہ کے عوام کو کانگریس پارٹی کی 6 ضمانتوں سے واقف کروا رہے ہیں اور انہیں یہ تیقن دے رہے ہیں کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا اقتدار یقینی ہے ۔ ریاست میں تبدیلی کی لہر ہے جو اب بتدریج حلقہ ملک پیٹ میں بھی محسوس کی جانے لگی ہے ۔ لوگ ریاست کی ترقی کے ثمرات میں حصہ دار بننا چاہتے ہیں اور اس کیلئے ضروری ہے کہ حلقہ ملک پیٹ سے بھی کانگریس کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کیا جائے ۔ پدیاترا کے ذریعہ اور انتخابی جلسوں میں تقاریر کے ذریعہ شیخ اکبر عوام کو یہ تیقن دے رہے ہیں کہ وہ حلقہ ملک پیٹ کو لینڈ مافیا ‘ کنسٹرکشن مافیا اور بلیک میل مافیا سے نجات دلانے میں کوئی کسر باقی نہیںر کھیں گے ۔ عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کئے جائیں گے ۔ عوام کی آواز کو دبانے اور کچلنے کی بجائے انہیں اوپر تک پہونچانے کی کوشش کرینگے ۔ وہ کسی ایک کی اجارہ داری سے کام کرنے کا موق دئے بغیر حلقہ کے عوام کی تجاویز حاصل کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے انتھک جدوجہد کریں گے ۔ جناب شیخ اکبر کو عوام کے مختلف طبقات کی تائید بھی ملنے لگی ہے اور عوام میں اس تعلق سے دلچسپی بھی بڑھنے لگی ہے ۔ وہ حلقہ میں کانگریس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بھی مطمئن ہیں۔ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی ذی اثر شخصیتوں کی بھی جناب شیخ اکبر کو تائید حاصل ہو رہی ہے اور عوام ریاست میں کانگریس کے اقتدار کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔ عوام میں یہ تاثر بھی دیکھا جا رہا ہے کہ وہ بی آر ایس حکومت کی عوامی مسائل سے لاپرواہی اور مقامی قیادت کی چاپلوسی والی حکمت عملی سے بیزار ہوچکے ہیں ۔