ملک کو ’گپکار گینگ‘سے نہیں ’گجرات گینگ‘سے نجات کی ضرورت:سابق ایم پی شیخ عبدالرحمن

   

جموں:جموں و کشمیر یونائیٹڈ پیس موومنٹ کے بینر تلے مختلف تنظیموں کے لیڈران اور کارکنوں نے چہارشنبہ کو یہاں سابق ریاست جموں و کشمیر کے خصوصی درجے کی واپسی کے حق میں احتجاج درج کیا۔احتجاجی ‘ریاست کا درجہ بحال کرو’، ‘ہندو عیسائی سکھ مسلمان سب سے پہلے ہیں انسان’، ‘فرقہ پرستو خبر دار ہم ہیں امن کے پہرے دار’ کے نعرے لگا رہے تھے ۔اس موقع پر موومنٹ کے رکن اور سابق رکن پارلیمان شیخ عبدالرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کو ‘گپکار گینگ’ سے نہیں بلکہ ‘گجرات گینگ’ سے نجات دلانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ‘عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ’ کو ‘گپکار گینگ’ کا نام دے کر ان لوگوں، جو ملک کی حمایت کرتے ہیں، کو دھکیل کر پاکستانی بنایا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی یہ سب کارروائیاں ملک مخالف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے امن اور جموں و کشمیر کی ایکتا کیلئے اتحاد کیا ہے اور ہندوستان ایک وفاقی ملک ہے اس کو فرقہ وارانہ رنگ میں نہیں رنگا جاسکتا۔