موجودہ حالات ایمرجنسی کے دور سے زیادہ خطرناک۔امریکی یونیورسٹی کورنیل سے راہول گاندھی کا خطاب
نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہاکہ ان کی دادی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے دور میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ غلط تھا۔ راہول گاندھی امریکی یونیورسٹی کورنیل کی جانب سے منعقدہ ایک ویب اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایمرجنسی کے دوران جو کچھ بھی ہوا اِس میں بنیادی اختلافات پائے جاتے ہیں جو غلط بات ہے۔ اِس وقت جو ہورہا ہے وہ ایمرجنسی سے زیادہ غلط ہورہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے کسی بھی وقت ہندوستان کے دستوری ڈھانچے پر قبضہ کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ہماری تہذیب اِس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ ہم دستور پر حملہ کریں۔ آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے الزام عائد کیاکہ ہندوستان میں جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے۔ ملک کے تمام اداروں میں آر ایس ایس نے منظم طریقہ سے اپنے لوگوں کو بٹھادیا ہے۔ آر ایس ایس بنیادی طور پر الگ کام کررہی ہے۔ اِس نے تمام دستوری اداروں پر اپنے لوگ بٹھادیئے ہیں۔ اگر ہم انتخابات میں بی جے پی کو شکست بھی دیں تو ہم ملک کے تمام دستوری اداروں کے ڈھانچے میں گھسے میں اِن افراد کو قابو میں نہیں کرسکتے۔ عصری جمہوریتیں اِس لئے کام کرتی ہیں کیوں کہ اِن ملکوں میں ادارہ جاتی توازن پایا جاتا ہے۔ یہ ادارے آزادانہ طور پر کام کرتے ہیں لیکن ہندوستان میں اِس آزادی پر حملہ کیا گیا ہے۔ اب ہندوستان میں ایک ہی بڑا ادارہ ہے اُسے آر ایس ایس کہتے ہیں اور یہ آر ایس ایس تمام ہندوستانی اداروں پر غلبہ حاصل کرچکی ہے۔