مردم شماری پسماندہ طبقات کے میگا ہیلت چیک اَپ کے مترادف، گاندھی بھون اجلاس میں چیف منسٹر کی شرکت،مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں مجوزہ مردم شماری کے حصہ کے طور پر او بی سی طبقات کی مردم شماری انجام دی جائے۔ اس سلسلہ میں فوری احکامات جاری کرنے کا پارٹی نے مطالبہ کیا۔ تلنگانہ میں بی سی طبقات کی سماجی، تعلیمی، معاشی، سیاسی اور روزگار میں حصہ داری کیلئے سروے کے مسئلہ پر آج گاندھی بھون میں پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 2025 میں مرکزی حکومت کی جانب سے عام مردم شماری کے فیصلہ کے تناظر میں او بی سی طبقات کی مردم شماری کی مانگ کی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ ریاستی وزراء، حکومت کے مشیران اور ضلع کانگریس صدور نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کانگریس پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری محض ایکسرے نہیں ہے بلکہ میگا ہیلت چیک اَپ کی طرح ہے جس میں پسماندہ طبقات کے بارے میں تفصیلی صورتحال منظر عام پر آئے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا میں راہول گاندھی نے بی سی طبقات کی مردم شماری کی تجویز پیش کی تھی۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مردم شماری کا آغاز کیا جارہا ہے۔ 2 نومبر کو ضلع کانگریس صدور کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوں گے جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 7 ڈسمبر کو کانگریس حکومت کا ایک سال مکمل ہورہا ہے۔ ایک سال کی تکمیل سے قبل ذات پات پر مبنی سروے کی تکمیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے عوام سے جو وعدہ کیا ہے اس پر عمل کیا جارہا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کے عہدہ پر فائز کرنے میں تلنگانہ ماڈل مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر تک ذات پات پر مبنی مردم شماری کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کے مسئلہ پر 5 یا 6 نومبر کو ریاستی سطح کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے مانگ کی جارہی ہے کہ وہ مردم شماری کے تحت ذات پات پر مبنی سروے کا اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا مقصد سماجی انصاف کو یقینی بنانا ہے جس کے تحت آبادی کے اعتبار سے فلاحی اسکیمات میں حصہ داری رہے گی۔ انہوں نے کانگریس قائدین سے کہا کہ وہ مردم شماری کے کام پر خصوصی توجہ مرکوز کریں کیونکہ تلنگانہ میں شروع کردہ یہ سروے ملک کیلئے مثالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ میں مردم شماری کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے بھی حتیٰ المقدور اس پروگرام کی کامیابی کی مساعی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 نومبر کو ریاست کے 33 اضلاع میں ضلع کانگریس صدور کی جانب سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف طبقات کو مردم شماری کی اہمیت اور افادیت سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی بھون میںکنٹرول روم قائم کرتے ہوئے مردم شماری کے بارے میں پارٹی کارکنوں اور عوام کی رہنمائی کی جائے گی۔1