ممبئی اور پڑوسی علاقوں میں زبردست بارش، سیلاب کا خطرہ

,

   

ممبئی: مہاراشٹرا جو پہلے ہی کوروناوائرس سے بری طرح متاثر ہے، اب بارش بھی اس کیلئے آفت سماوی ثابت ہونے لگی ہے۔ چہارشنبہ کو دارالحکومت ممبئی اور پڑوسی علاقے نہایت موسلادھار بارش کی زد میں رہے۔ کئی علاقوں میں تیز ہواؤں جھکڑ سے درخت اکھڑ گئے اور کئی جگہوں پر شاخیں ٹوٹ کر گر گئیں۔ اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ کے اوپر نصب سائن بورڈ ٹوٹ گیا۔ جمعرات کیلئے محکمہ موسمیات کی مزید بارش کی پیش قیاسی سے ایسا اندیشہ پیدا ہورہا ہیکہ مسلسل طوفانی بارش سیلاب کی شکل اختیار کرلے گی۔ ممبئی میں کوویڈ۔19 اسپیشل جے جے ہاسپٹل میں پانی داخل ہوگیا۔ چیف منسٹر ادھوٹھاکرے کے فرزند و ریاستی وزیر ادتیہ ٹھاکرے کو یکایک موسم میں طوفانی تبدیلی پر پیدا شدہ حالات سے نمٹنے میں سرگرم دیکھا گیا۔ نئی دہلی سے وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر ٹھاکرے سے بات کی اور انہیں موسلادھار بارش کے سبب پیدا شدہ صوررتحال سے نمٹنے میں تمام تر مدد کا تیقن دیا۔ محکمہ نے خصوصی بلیٹن میں بتایا کہ چہارشنبہ کو لگاتار بھاری بارش اور تیز ہواؤں نے ممبئی اور پڑوسی اضلاع تھانے اور پالگھر کی بری حالت کردی۔ سب اربن ٹرین اور بس سرویس میں خلل پڑا۔ جواہر لال نہرو پورٹ ٹرسٹ، رائے گڑھ میں زیراستعمال تین بڑے ٹرین دوپہر میں شدید ہواؤں کے سبب گر گئے لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 8:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک بہت بھاری بارش (20 سنٹی میٹر سے زائد) ممبئی کے مختلف حصوں میں ریکارڈ کی گئی۔ کولابا میں 22.9 سنٹی میٹر جبکہ سانتاکروز میں 8.8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ ہواؤں کی رفتار 70 کیلو میٹر فی گھنٹہ درج ہوئی اور کولابا میں شام 5 بجے سے 5:15 بجے کے درمیان ہوا کی رفتار 107
kmph
ریکارڈ ہوئی۔ بلیٹن میں مزید کہا گیا کہ ممبئی پڑوسی کونکن ساحل کے پاس 70
kmph
کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہے اور امکان ہے جمعرات 6 اگست کی صبح تک یہی موسمی رجحان برقرار رہے گا۔ پھر بتدریج بہتری آئیگی۔ اس مدت میں ممبئی میں نہایت موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے ۔

بہار میں سیلاب کی صورتحال ابتر
نتیش کمار کا فضائی سروے
اُدھر مہاراشٹرا کی بالکل مخالف سمت مشرق میں بہار تو موسم برسات سے اور زیادہ متاثر ہے۔ وہاں مسلسل بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کرلی جس نے تاحال.6 66 لاکھ افراد کو متاثر کر رکھا ہے۔ دریں اثناء چیف منسٹر نتیش کمار نے شمالی بہار کے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور ضلع دربھنگہ کے ایک گاؤں کا دورہ کیا جو سب سے زیادہ متاثر ہے۔ لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات کو منتقل کیا جاچکا ہے۔