نئی دہلی : 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کی سازش کے ملزم تہور حسین رانا کو جلد ہی ہندوستان لایا جائے گا۔ امریکی عدالت نے پاکستانی نژاد کینیڈین تاجر کی وہ اپیل مسترد کر دی ہے جس میں وہ امریکی حکومت سے استدعا کر رہا ہے کہ اسے ہندوستان نہ بھیجا جائے۔ امریکی عدالت کی جانب سے انہیں کوئی ریلیف دینے سے انکار کے بعد ایسا لگتا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ سے انہیں ہندوستان لانے کی اجازت مل سکتی ہے۔ وہ ہندوستان میں ممبئی دہشت گردانہ حملوں کی سازش کا نامزد ملزم ہے۔ تاہم تہور نے اس حکم کے خلاف اپیل کی ہے۔ اپیل میں، انہوں نے دوسری عدالت میں سماعت ہونے تک ہندوستان کے حوالے کرنے پر روک لگانے کی درخواست کی ہے۔ امریکی حکومت کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ یہ ابھی بھی ہمارے لیے زیر التوا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا، ا مریکی حکومت پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف ہے۔ ہم ہندوستان میں 26؍11 کے ممبئی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ ہمیشہ دہشت گردی کے مرتکب افراد کے خلاف رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کے تمام ملزمان کو سزا دی جائے۔