ممبئی میں جل تھل ، ملک کے دیگر حصوں میں ہنوز خشک سالی

   

ملک میں عالمی پانی کا صرف 4% حصہ ، 2019ء میں مانسون کی کمی کے خطرات لاحق
نئی دہلی۔ 9 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش، مدھیہ پردیش، پنجاب، راجستھان، بہار اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں سمیت شمال اور وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں اب بھی پورے مانسون کا انتظار ہو رہا ہے۔ایک طرف ممبئی میں بھاری بارش کی خبریں ہیں تو وہیں، دوسری طرف دہلی اور اس کے اطراف میں گزشتہ جمعہ کو ہلکی بوچھاروں کے علاوہ بارش کے اعداد وشمار تقریبا صفر ہی رہے ہیں۔ اترپردیش، مدھیہ پردیش، پنجاب، راجستھان، بہار اور مہاراشٹر کے کچھ حصوں سمیت شمال اور وسطی ہندوستان کے کئی حصوں میں اب بھی پورے مانسون کا انتظار ہو رہا ہے۔ تمام اعدادوشمار کے لحاظ سے اب تک یہ سال ہندوستان میں مانسون کے نہ ہونے کا سال ہے۔ ظاہر طور پر یہ کسانوں کیلئے تشویش کی بات ہے کیونکہ ہندوستان میں زراعت زیادہ تر بارش پر ہی منحصر ہے۔ دوسری طرف، ملک میں اس سال شدید گرمی کا موسم طویل ہوچکا ہے۔ ماحولیات سے منسلک ڈاؤن ٹو ارتھ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس سال یکم مارچ سے پہلے 100 دن کے اندر ملک کی 22 ریاستوں میں 1970ء کے عشرہ سے زیادہ گرمی کی لہر کے مرحلے دیکھے گئے۔ صرف ایک ریاست بہار میں ہی 200 افراد ہلاک ہو گئے اور تملناڈو جیسی جنوبی ریاستوں میں بھی گرمی سے اموات کی خبر آئی۔ وہیں، محکمہ موسمیات کی مانیں تو پنجاب، راجستھان، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش میں بھی معمول سے 5.1 ڈگری سیلسیس زیادہ درجہ حرارت بنا ہوا ہے۔