ممبئی میں سڑکوں اور بازاروں کی رونق لوٹ آئی

   

ممبئی۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) لاک ڈاؤن میں دی گئی ڈھیل کے بعد ممبئی کی سڑکوں اور بازاروں کی رونق ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔ آج لاک ڈاؤن 3 میں دی گئی سہولت کے بعد عوام نے کسی قدر راحت کی سانس لی اور اپنی اپنی ضروریات، کاروبار و ملازمت کے لیے گھروں سے باہر نکلے۔ جس کے نتیجے میں ممبئی کی سڑکوں پر آج ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین چہروں پر ماسک لگائے اپنی اپنی گاڑیوں پر سوار ہو کر مختلف علاقوں میں جانے کے لیے سڑکوں پر آئے لوگوں کی بھیر کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی۔ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے، ایسٹرن فری وے، شہر اور نواحی علاقوں کی مرکزی سڑکوں کے علاوہ بیرونی ضلع جانے والی سڑکوں پر بھی لوگوں کے دفتروں، دکانوں یا تجارتی اداروں کو جانے والی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔