ممبئی میں عیدالاضحی پر کسی کو بھی ماحول خراب کرنے نہیں دیا جائے گا

   

ممبئی: ریاست مہاراشٹر میں عیدالاضحی کے تہوار کے پیش نظر آج سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی اور بھیونڈی مشرق سے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ریاست کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی نے یہ یقین دہانی کرائی کہ عیدالاضحی کے موقع پر کسی کو بھی ماحول خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس شیخ نے بتایا کہ وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی صدارت اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس اور سماج وادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی موجودگی میں عیدالاضحی سے متعلق ایک انتہائی میٹنگ سہیادری میں منعقد ہوئی جس میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ۔ رئیس شیخ نے بتایا کہ بھیونڈی کے اندر اور اطراف کے علاقوں میں کئی فارم ہاوسز ہیں جہاں پر عیدالاضحی کیلئے بکرے پالے جاتے ہیں جنہیں مسلسل پریشان کیا جا رہا تھا۔ اس کے ساتھ ہی دیونار کے باہر چھوٹی چھوٹی منڈیوں میں براہ راست بکرے لائے جا رہے تھے ان کو بھی پریشان کیا جا رہا تھا نیز دیونار سلاٹر ہاوس کے جنرل مینیجر کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا تھا کہ جو دیونار کے باہر سے بکرے خریدیں گے ان پر 2500 روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا لہذا اس سلسلے میں حکومت نے آج ایک انتہائی اہم فیصلہ لیا کہ جس طرح سے لوگ اے پی ایم سی مارکٹ کے باہر سے سبزی ترکاری خرید سکتے ہیں اس طرح سے ہی وہ دیونار کے باہر موجود چھوٹی چھوٹی منڈیوں سے بکرے خرید سکتے ہیں اور اگر انہیں کوئی پریشان کرتا ہے تو وہ حکومت کے ذریعہ مہیا کرائی گئی ہیلپ لائن پر اس کی شکایت کر سکتے ہیں۔ رئیس شیخ نے بتایا کہ جانوروں کے ڈاکٹروں کی فیس جو 20 روپے تھی اس کو بڑھا کر 200 روپے کر دیا گیا تھا لیکن اس میٹنگ میں پارٹی صدر ابو عاصم اعظمی کے مطالبہ پر حکومت نے اس پر روک لگا دی ہے۔
جس کے مطابق اب جانوروں کے ڈاکٹروں کی فیس 20 روپے ہی ہوگی۔ رئیس شیخ نے کہا کہ اس میٹنگ میں وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی گئی کہ عیدالاضحی کے موقعے پر جانوروں کے ٹرانسپورٹیشن کے عمل میں رخنہ ڈالا جاتا ہے جس پر یہ واضح طور پر کہا گیا کہ صرف حکومت کی طرف سے تعینات پولیس ہی ٹرانسپورٹیشن کے دوران گاڑی روک سکتی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو بھی ماحول خراب کرنے نہیں دیا جائے گا۔