ممبئی۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے ایک شہری نے صحافی رعنا ایوب کے خلاف پولیس میں ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہلی میں تشدد کے حالیہ واقعات کی رعنا ایوب نے ایک پرانی ویڈیو اپ لوڈ کرتے ہوئے سماج کے ایک مخصوص طبقہ کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ لہٰذا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ شکایت کنندہ رمیش سولنکی نے دعوی کیا ہے کہ ویڈیو دو سال پرانا ہے اور رعنا ایوب کا اس پرانے ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے کا مقصد سماج میں مزید نفرت پھیلانا اور دہلی تشدد کو مزید ہوا دینا ہے۔ 50 سالہ سولنکی نے آن لائین اپنی شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے رعنا ایوب کے ٹوئٹ اور ٹوئٹر ہینڈل کی تصاویر بھی اپ لوڈ کی ہے۔ شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ رعنا ایوب غلط خبریں اور افواہیں پوسٹ کرنے کی ماہر ہیں اور اس طرح وہ ہندوستان کو بدنام کرتی ہیں۔ لہٰذا اب یہ ضروری ہوگیا ہے کہ رعنا ایوب کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ وہ ملک میں بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان نہ پہنچاسکے۔