تھانے : مسلمانوں کیلئے عیدالاضحی کے موقع پر اب بکرے لانا بھی جرم بن گیا ہے ۔ مہاراشٹرا کی دارالحکومت میں ہندو تنظیموں اور فرقہ پرست ذہنیت کے حامل لوگوں کی جانب سے ایک شخص کو اپنے گھر بکرا لانے پر احتجاج اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ تھانے پولیس نے آج بتایا کہ مہاراشٹرا کے تھانے ضلع میں ایک ہاؤزنگ سوسائٹی کے رہائشیوں کے ایک حصے نے عیدالاضحی سے پہلے ایک شخص کو اپنے گھر میں بکرے لانے پر اعتراض کرتے ہوئے احتجاج کیا ۔ منگل کی شام اس واقعہ کے بعد پولیس کو بھائیندر علاقہ میں واقع ہاؤزنگ سو سائٹی میں بلایا گیا ۔ مسلم خاندان کا کہنا تھا کہ بکروں کی قربانی سوسائٹی کے احاطہ میں نہیں کی جائے گی ۔ ہم ہر سال بکرے لاتے ہیں لیکن ہم انہیں سوسائٹی میں کبھی قربان نہیں کرتے ہیں ۔ اس دوران موقع پر پہنچی پولیس نے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کی کوشش کی ۔ پولیس نے سوسائٹی کے دیگر مکینوں کو یقین دلایا کہ سو سائٹی کے احاطہ میں کوئی ذبیحہ نہیں ہوگا ۔ یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ پولیس نے یہ کہتے ہوئے بکروں کو اجازت دی ہے کہ کسی آدمی کے گھر میں بکرے یا جانور لانے کے خلاف ایسا کوئی اصول یا قانون نہیں ہے ۔