نئی دہلی۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے آج اپنی لیڈر ممتابنرجی کو آج کی ’’جھانسی کی رانی‘‘ قرار دیا اور بی جے پی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اس بہادر رانی کی طرح ترنمول کانگریس سربراہ بھی ورکرس کے حملوں کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گی کیونکہ مغربی بنگال کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ صدرجمہوریہ کے خطبہ پر لوک سبھا میں تحریک تشکر میں حصہ لیتے ہوئے ٹی ایم سی لیڈر دنیش ترویدی نے مرکزی حکومت اور ماقبل آزادی انگریزوں کی حکومت کا تقابل کرتے ہوئے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ ان دونوں نے حکومت کرنے کیلئے دھمکیوں کا استعمال کیا تھا اور اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کی تھی۔ حالیہ ریلیز ہونے والی فلم منی کرنیکا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو یاد دلاتے ہیں کہ جھانسی رانی کون تھیں۔ وہ ایک عام خاتون تھیں لیکن عوام نے اسے منتخب کیا اور اس نے عوام کی بھرپور حفاظت کی۔