ممتا بنرجی ہر احتجاج کو کچلنا چاہتی ہیں: شاہنواز

   

نئی دہلی۔ بی جے پی کے قومی ترجمان شاہنواز حسین نے منگل کو مغربی بنگال حکومت کے خلاف سخت تنقید کا آغاز کرتے ہوئے مارچ ٹو نبنا احتجاج کو دبانے کی اس کی کوششوں کی مذمت کی اور چیف منسٹر ممتا بنرجی کو آمر قراردیا۔ طلباء کی قیادت میں مظاہرے نے آر جی کار ہسپتال میں عصمت ریزی اور قتل مقدمہ پر بنگال کی چیف منسٹرممتا بنرجی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر نے ریمارک کیا نبنا مارچ طلبا کی زیر قیادت جلوس ہے۔ بنگال میں خواتین، طلباء اور نوجوانوں سمیت ہر کوئی پریشان ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کے چیف منسٹر پر ایک آمر ہونے کا الزام لگایا جو ہر احتجاج کو کچلنے کی کوشش کرتی ہیں کیونکہ بی جے پی لیڈر سویندو ادھیکاری کو بھی احتجاج کی اجازت لینے کے لیے عدالت جانا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا ممتا بنرجی کو عہدہ چھوڑنا پڑے گا۔ شاہنواز حسین نے کہا پورا بنگال مشتعل ہے۔ ممتا بنرجی اقتدار میں رہنے کی مستحق نہیں ہیں۔ وہ کبھی ماں، زمین اور لوگ کی بات کرتی تھیں، لیکن آج کچھ اور ہے۔