کولکاتا: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ایم) کے رہنما اور مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلی بدھ دیب بھٹاچاریہ کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور ان کی حالت اب کافی بہتر ہے ۔ ووڈ لینڈ اسپتال کے ذرائع کے مطابق، مسٹر بھٹاچاریہ کو پیر کے روز نان- انویسیو وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا تھا اور آج کچھ اور معمول کے خون کے ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔ دریں اثنا، ترنمول کانگریس کی سپریمو اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کل شام مسٹر بھٹاچاریہ سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ سی پی آئی(ایم) کے پولٹ بیورو کے سابق رکن کو ہفتہ کی دوپہر مسلسل بخار کے بعد نچلے سانس کی نالی میں انفیکشن کی شکایت پر ووڈ لینڈز اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی دیکھ بھال کے لیے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال میں نو رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ۔
ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر کوشک چکرورتی (میڈیکل)، ڈاکٹر ساؤتھک پانڈا (کرٹیکل کیئر)، ڈاکٹر سشمیتا دیبناتھ (کرٹیکل کیئر)، ڈاکٹر سروج منڈل (انٹروینشنل کارڈیالوجی)، ڈاکٹر انکن بندوپادھیائے (انٹرنل میڈیسن اینڈ پلمونولوجی)، ڈاکٹر دھروبا بھٹاچاریہ، (انٹرنل میڈیسن اینڈ کریٹیکل کیئر)، ڈاکٹر آسیس پاترا (ایناستھیزیالوجی)، ڈاکٹر سومناتھ میتی، ڈاکٹر سپترشی باسو (فزیشن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ووڈ لینڈز) ان کی صحت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
