’’منا بھائی ایم بی بی ایس 3 ‘‘ کی رواںسال شوٹنگ: ارشدوارثی

   

ممبئی۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز اداکار ارشد وارثی نے کہا کہ فلم ’’منا بھائی ایم بی بی ایس 3‘‘ کا اسکرپٹ تیار ہے اور راجکمار ہیرانی کے ڈائرکشن میں رواں سال اس کی شوٹنگ کا آغاز ہوجائے گا۔ اس فلم کی پہلی دو سیریز میں ہسپتالوں کے گرتے ہوئے معیار اور ملک میں گاندھیائی اقدار کے انحطاط کو بڑی خوبی سے پیش کیا گیا ہے۔ یہ کہانی ایک غنڈہ (سنجے دت) اور اس کے وفادار ساتھی سرکٹ (ارشد وارثی) کے اطراف گھومتی ہے جب ارشد سے اسکرپٹ کی تفصیلات دریافت کی گئیں تو انہوں نے کہا کہ وہ صرف راجو کے ذریعہ سے یہ جانتے ہیں کہ اسکرپٹ تیار ہے اور رواں سال شوٹنگ کا آغاز ہوجائے گا۔ اس فلم کی پہلی قسط ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ 2003ء میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے تین سال بعد اس کی دوسری سیریز ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ ریلیز کی گئی تھی۔ ارشد وارثنی نے کہا کہ چونکہ اس فلم کی ریلیز ہوئے ایک دہا گذر چکا ہے کہ لہذا وہ کسی قدر پریشان ہیں کہ کردار کو وہیں سے شروع کریں جہاں پر اس کا اختتام ہوا تھا۔ وہ عام طور پر ایک فلم کرنے کے بعد دوسری فلم میں وہی کیرکٹر کو بھول جاتے ہیں اور ایسا ہی ’’منا بھائی… ‘‘ میں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ارشد نے ’’گول مال 5‘‘ کی بھی تیاری کا اشارہ دیا جو بہت جلد شروع ہونے والی ہے۔