منتخب عازمین حج کو پہلی قسط 5 فروری تک جمع کروانے کی ہدایت

   

حیدرآباد 15 جنوری (سیاست نیوز) منتخبہ عازمین حج پہلی قسط 81 ہزار روپئے کی ادائیگی 18 جنوری تا 5 فروری کرسکتے ہیں جبکہ دوسری قسط ایک لاکھ 20 ہزار روپئے کی ادائیگی کیلئے 20 مارچ تک کا وقت رہیگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سرکولر کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں میں قرعہ کی تکمیل کے بعد عازمین حج کو پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 5 فروری آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے اور یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں راست جمع کروانی ہوگی۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں کمیٹی کے کھاتہ نمبر 318702010406009 میں جمع کروائی جاسکتی ہے۔ اعلامیہ میں صراحت کی گئی ہے کہ تیسری اور آخری قسط کا اعلان وسط مئی یا جون کے دوران کیا جائے گا تاکہ بیرونی زرمبادلہ کی قیمت کے تعین اور روانگی کے مقام کے علاوہ عازمین کے زمرے کے مطابق تیسری قسط وصول کی جاسکے۔ منتخبہ عازمین کو رقم جمع کروانے انتخاب کے ساتھ جاری کردہ بینک ریفرنس نمبر دینا لازمی ہوگا۔ حج کمیٹی نے آج اعلامیہ حج 2019/9 میں یہ اعلانات کئے ہیں۔ ڈاکٹر مقصود احمد خان چیف ایکزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی نے اعلامیہ جاری کیا جس میں حج کمیٹی کے فیصلے سے منتخبہ عازمین کو واقف کروایا گیا ہے۔