راج بھون میں ‘میرا بنگال، نشہ سے پاک بنگال’ مہم کا افتتاح ‘ تقریب سے خطاب
کولکتہ : صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو کہا کہ منشیات کا استعمال معاشرے اور ملک کیلئے تشویشناک ہے ۔ راج بھون میں برہما کماریوں کے ذریعہ منعقدہ ‘میرا بنگال، نشہ سے پاک بنگال’ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے مرمو نے کہا کہ نشہ کی لت کی وجہ سے نوجوان اپنی زندگی میں صحیح سمت کا انتخاب نہیں کر پا رہے ہیں۔ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے اور اس معاملے میں تمام محاذوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مرمو نے کہا کہ اس صورتحال کو روحانی بیداری، شفایابی، سماجی یکجہتی اور سیاسی عزم کے ذریعے بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے برہما کماری جیسی تنظیموں کی تعریف کی جنہوں نے اس طرح کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں حل کرنے کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی لت ذہنی تناؤ اور ساتھیوں کے دباؤ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے ۔ نشہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے ۔ نشہ سے بہت سے دوسرے عوارض بھی جنم لیتے ہیں۔ منشیات کے عادی افراد کے اہل خانہ اور دوستوں کو بھی کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔صدر جمہوریہ نے تمام نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کسی دوست کے خاندان کو نشے کی لت کے بارے میں آگاہ کریں۔ انہوں نے منشیات کے عادی افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو برباد نہ کریں۔مرمو نے کہا کہ اگر وہ کسی قسم کے تناؤ میں ہیں تو انہیں اپنے دوستوں، خاندان یا کسی سماجی تنظیم سے بات کرنی چاہیے ۔ ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کا سامنا وہ اپنی قوت ارادی سے نہ کر سکیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ سماج دشمن عناصر منشیات کے استعمال اور نشے کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ منشیات خریدنے کے لیے استعمال ہونے والی رقم مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی استعمال ہوتی ہے ۔ مرمو نے یقین ظاہر کیا کہ اپنی بھلائی، سماج اور ملک کے مفاد میں منشیات کے عادی افراد اس بری عادت سے باہر نکلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا سب سے اہم اثاثہ ہیں۔ جو وقت اور توانائی انہیں اپنے مستقبل کی مضبوط بنیاد بنانے میں صرف کرنی چاہیے وہ نشے کی وجہ سے ضائع ہو رہی ہے ۔ تعلیمی اداروں کو پتہ کرنا چاہیے کہ کیا طلبا علم غلط سمت میں تو نہیں جا رہے ہیں۔ ایسی کوئی بات سامنے آئے تو فوری ایکشن لیا جانا چاہئے اور اس مسئلہ کو حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔